ممبئی،14؍اپریل (ایس او نیوز؍ایجنسی) وزیر اعظم نریندر مودی کے لاک ڈاؤن میں توسیع کے اعلان کے ساتھ ہی مہاجر مزدوروں میں خوف کا عالم پیدا ہو گیا، جس کے بعد منگل کے روز ہزاروں مہاجر مزدوروں کا جمِ غفیر ممبئی کے باندرا ریلوے اسٹیشن پر جمع ہوگیا۔ آہستہ آہستہ یہ تعداد ہزاروں میں تبدیل ہو گئی۔ لاک ڈاؤن میں توسیع سے ان مزدوروں میں اضطراب پیدا ہوگیا اور یہ تمام باندرا اسٹیشن پہنچ کر مطالبہ کرنے لگے کہ انہیں اپنے اپنے گھر واپس بھیجنے کا انتظام کیا جائے۔ تاہم، آفسران کی طرف سے سمجھانے بجھانے کے بعد یہ تمام مزدور پُرامن طریقے سے واپس چلے گئے۔
باندرا اسٹیشن پر جمع ہونے والے مزدوروں کی اکثریت یو پی اور بہار سے تعلق رکھتی ہے۔ لہذا اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے ان پریشان حال مہاجر مزدوروں کی حالت زار پر تشویس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی میں ہزاروں لوگوں کے سڑکوں پر اتر کر گھر لوٹنے کے مطالبہ کے پیش نظر حکومت اتر پریش فوری طور پر نوڈل افسر مقرر کرے اور مرکز کے ساتھ مل کر مہاراشٹر و دیگر ریاستوں میں پھنسے صوبے کے مزدوروں کو نکالے۔
اکھلیش یادوں نے کہا، ’’جب امیروں کو جہاز کے ذریعے بیرون ملک سے لا سکتے ہیں، تو غریبوں کو ٹرینوں سے کیوں نہیں۔‘‘
قبل ازیں، باندرا اسٹیشن پر جمع ہوئے مزدوروں کا کہنا تھا کہ انہیں تمام طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مزدوروں کا مطالبہ ہے کہ انہیں گھر واپس بھیجنے کے انتظامات کیے جائیں۔ پولیس کی جانب سے یہ بھی اعلان کیا گیا تھا کہ کوئی ٹرین نہیں چلے گی، تاہم مزدور وہیں ڈٹے رہے۔
اس کے بعد جب افسران نے موقع پر پہنچ کر مزدوروں سے بات کی تو وہ واپس لوٹ گئے۔ اس دوران بھیڑ کا ایک حصہ پرتشدد بھی ہو گیا لہذا انہیں قابو کرنے کے لئے پولیس کو ہلکی طاقت کا بھی استعمال کرنا پڑا۔
وہیں، اس معاملہ پر مہاراشٹر حکومت میں وزیر آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ گجرات کے سورت میں بھی لوگوں نے ایسی تصویر دیکھی ہے۔ مزدوروں کو ان کے گھروں کو واپس بھیجنے کا انتظام نہیں کیا گیا تھا۔ بہت سے لوگوں نے رکنے اور کھانا کھانے سے انکار کر دیا۔ پورے مہاراشٹرا میں مجموعی طور پر 6 لاکھ افراد پناہ گاہوں میں ہیں۔ مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت کے مابین باہمی ربط کے ساتھ ان مزدوروں کو ان کے گھروں کو واپس بھیجا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ باندرا میں جمع ہونے والا ہجوم اب منتشر ہو چکا ہے۔ وہیں اس واقعے پر مہاراشٹر کے وزیر داخلہ انیل دیشمکھ نے کہا کہ ریاست کے مزدوروں کو اب مجمع لگانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ریاستی حکومت نے ان لوگوں کے لئے کھانے پینے کا انتظام کیا ہے۔ ہم نے لوگوں کو سمجھایا ہے، لوگ اب واپس آگئے ہیں اور اب صورتحال قابو میں ہے۔